نیازی کو ضمنی الیکشن کی طرح سینیٹ میں بھی شکست دینگے،اسماعیل راہو

126
حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرزکے صدر سلیم الدین قریشی کا وفد کے ساتھ صوبائی وزیراسماعیل راہو سے ملاقات پر گروپ فوٹو

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر محکمہ زراعت محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے پی پی پی سینیٹ انتخابات جیت کر عمران نیازی کو ایک مرتبہ پھرایسی شکست دے گی جس طرح انہیں ضمنی انتخابات میں ملی ہے جبکہ عمران نیازی خود سلیکٹڈ ، دھاندلی کی پیداوار ہے اور وہ دوسروں پر الزامات لگارہے ہیں – ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیمڈا (اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈولپمنٹ اتھارٹی ) کی جانب سے محکمہ زراعت کے تعاون سے سندھ کے زرعی گریجویٹس کو زراعت سے منسلک کرنے ،زرعی مشینری چلانے ، دیکھ بھال اور اس کے استعمال کے متعلق چار ماہ کا تربیتی کورس مکمل کرنے والے امیدواروں میں ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر انجینئر نگ سندھ ٹنڈو جام کے سیمینار ہال میں منعقد ہ تقریب تقسیم اسناد میں مہمان خصوصی کے طورپر اور میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا ۔ا س موقع پر باتیں کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کے پاس ملازمت کے بہت کم مواقع ہیں اس لیے تعلیم یافتہ افراد کو چاہیے کہ وہ سرکاری ملازمت پر انحصار کرنے کے بجائے ایسے پروگرامز سے مستفید ہوں اور اپنا کاروبار شروع کرکے اپنے پاﺅں پر کھڑے ہوں جس کے لیے محکمہ زراعت سیمڈا کے تعاون سے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی و رہنمائی کرے گا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زرعی گریجویٹس کو نجی شعبے سے منسلک کرنے کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے اور اس مسئلے کو آئندہ کابینہ کے اجلاس میں اٹھایاجائیگا۔قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ایسے پروگرام سے نا صرف تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے بلکہ سندھ کے کاشتکاروں اور زراعت کے شعبے کو فروغ دینے میں مدد ملے گی -انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرامز سے زراعت کے شعبے میں جدید مشینری کا استعمال عام ہوگا جس سے کاشتکاروں کی فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور ملک خاص طور پر صوبے کی زراعت کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا ۔سیمڈا کے چیف ایگز یکٹوآفیسر ہاشم رضا نے کہا کہ کچھ سالوں سے زراعت کے تعاون سے ہمارے پاس ایک پروگرام شروع کیاگیا تھا جس کا مقصد سندھ کے گریجویٹس کو زراعت کے شعبے میں لاکر انہیں اپنا کاروبار کرنے کے لیے راغب کرنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ کی جانب سے ایک اسکیم شروع کی گئی جس کے تحت زرعی یونیورسٹی کے گریجویٹس کو اپنا کاروبار کرانے کے لیے آمادہ کرنا تھا جس میں ہم انہیں رہنمائی مہیا کررہے ہیں – انہوں نے کہا کہ زرعی گریجویٹس کو زرعی مشینری کے استعمال ، اسے چلانے اور اس کی دیکھ بھال کے متعلق مختلف مقامات پر تربیتی ورکشاپ منعقد کرائے گئے -انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے چھوٹے کاشتکاروں اور کسانوں کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا جوکہ زراعت کے شعبے کے لیے بہت زیادہ کارآمد ثابت ہوگا۔ڈی جی ایگریکلچر ریسرچ سندھ نور محمد بلوچ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا زراعت کا شعبہ زرعی تحقیق کے تحت نئے بیج ،نئے ٹیکنالوجی اور نئے اجناس متعارف کرانے کے لیے دن رات کوشاں ہے ۔