ڈگری، ڈکیتی واقعے کا مرکزی ملزم پستول سمیت گرفتار

88

ڈگری، جھڈو (نمائندگان جسارت) پولیس کی کامیاب کارروائی، ڈکیتی واقعے کے مرکزی ملزم کو پستول سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ گزشتہ دنوں ڈگری تعلقہ کے تھانہ ٹنڈو جان محمد کی حدود اسٹیشن کالونی میں مسلح ملزمان نے تاجر یامین ملک کو پستول کا فائر کر کے زخمی کرنے کے بعد 1 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے تھے، جس کا مقدمہ یامین ملک کے دوست شیر علی ولد حاجی خان رند کی مدعیت میں داخل کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی فیصل بشیر میمن نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ بعد ازاں ڈی ایس پی جھڈو سجان سنگھ اور ایس ایچ او ٹنڈو جان محمد تھانہ ایاز بھٹی نے دن رات کی انتھک محنت کے بعد کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی واقعے میں ملوث مرکزی ملزم سلطان سیال کو ڈگری تعلقہ کی دیہہ 202 کے ٹنڈو جان محمد اسٹاپ سے گرفتار کرکے چھینی گئی رقم اور 30 بور پستول مع 2 زندہ راو¿نڈ برآمد کرکے گرفتار کرلیا۔ ملزم سلطان سیال مشہور تاجر شاہد مغل کے قتل کی واردات میں بھی ملوث بتایا جاتا ہے جبکہ اس کے دیگر 2 ساتھی تاحال مفرور ہیں۔ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔