بدین، الخدمت کے تحت ایک روزہ مفت طبی سرجری کیمپ

158

بدین (نمائندہ جسارت) الخدمت فاﺅنڈیشن ضلع بدین کی جانب سے فلاحی ادارے اسمائل ہوم کے تعاون سے ڈی ایچ کیو انڈس اسپتال بدین میں پیدائشی طور پر ہونٹ اور تالو کٹے بچوں کے آپریشن اور طبی معائنے کے لیے ایک روزہ مفت طبی سرجری کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بدین کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے سوسے زائد بچوں کا معائنہ کیا گیا، ادویات مفت فراہم کی گئیں اور 50 سے زائد بچوں کو آپریشن کے لیے الخدمت اسپتال مٹھی تھرپارکر روانہ کیا گیا۔ کیمپ کا افتتاح الخدمت فاﺅنڈیشن کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شمس الدین تھیبو نے کیا جبکہ اس موقع پر دی اسمائل کے کوآرڈینیشن ڈاکٹر ساجد علی، الخدمت فاﺅنڈیشن ضلع بدین کے صدر عبداللطیف کھوسہ، جنرل سیکرٹری ایاز لطیف سومرو کیمپ کے انچارج محمد حنیف ملاح سوشل آرگنائزر عابد وقاص سومرو و دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ سرجری کیمپ کے اختتام پر الخدمت فاﺅنڈیشن ضلع بدین کے صدر عبداللطیف کھوسہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاﺅنڈیشن ایک فلاحی تنظیم ہے جو ملک بھر سمیت بدین ضلع میں عوام کی پہچان بن چکی ہے۔ بدین میں سیلاب زدگان سے متاثر لاک ڈاﺅن کے دوران الخدمت فاﺅنڈیشن نے متاثرین میں دس لاکھ سے زائد اخراجات خرچ کرچکی ہے جبکہ آرفن سپورٹ پروگرام میں سالانہ 80 لاکھ روپے یتیم بچوں پر خرچ کررہی ہے۔