کرپشن میں ملوث افسران اور ملاز مین کو سزا دلائی جائے، اقبال میمن

321

جامشورو (نمائندہ جسارت) چیئرمین انکوائری اینڈ اینٹی کرپشن محمد اقبال میمن نے جامشورو یونیورسٹیز سمیت، ٹھٹھہ، دادو، سجاول کے سرکلر کے کرپشن کیسز پر جامشورو کا دورہ کیا۔ اس موقع پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے تمام کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سندھ یونیورسٹی جامشورو میں ٹرانسپورٹ، غیر قانونی بھرتیوں، ملازمین کی ہیلتھ انشورنس، سیکورٹی، ترقیاتی کاموں اور دیگر کاموں اور معاملات کے متعلق شکایات پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ اجلاس میں چیئرمین انکوائری محمد اقبال میمن نے تمام کیسز شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر جلد حل کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ تحقیقات جلد سے جلد مکمل کرکے کرپشن جیسے ناسور میں ملوث افسران اور ملاز مین کو قرار واقعی سزا دلائی جائے۔ انہوں نے اجلاس کے دوران کہاکہ ڈسٹرکٹ اکا¶نٹس آفس جامشورو، ریونیو، لوکل گورنمنٹ، تعلیم سمیت دیگر محکموں کے متعلق بھی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ اس موقع پر اُنہوں نے کہا کہ کرپشن ہمارے ملک اور معاشرے میں ناسور بن چکی ہے۔ اس ناسور کا خاتمہ سب مل کر ہی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوان اور کرپٹ افسران و ملازمین کیخلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا۔