حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ اس سال موسم گرما میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس کے لیے ہمیں بڑے پیمانے پر شجر کاری کی ضرورت ہے، اس سال حکومت پاکستان اور حکومت سندھ نے مشترکہ طور پر منصوبہ بنایا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر حیدرآباد میں دس لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں اسکا¶ٹس اپنے دیگر کاموں کے علاوہ شجرکاری مہم میں اپنا کردار ادا کریں اور کورونا ایس او پیزکو فالو کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔ ان خیالات کا انہوں نے اسکا¶ٹس کے عالمی دن کے موقع پر گورنمنٹ نیول رائے ہیرا نند ہائی اسکول میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن حیدرآباد سید رسول بخش شاہ، ڈویژنل ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد ذوالفقار علی شیخ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر غلام محی الدین اور اسکا¶ٹس اور اساتذہ تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اسکا¶ٹس کے عالمی دن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں اسکا¶ٹنگ کی بہت اہمیت ہے، میں بھی گورنمنٹ اسکول سے پڑھا ہوں اور اسکا¶ٹ رہا ہوں۔ انتظامیہ ہمیشہ اسکا¶ٹس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے کیونکہ جس طرح دوسری فورسز مشکلات میں یا قدرتی ناگہانی آفات، مذہبی تہوار اور ہر طرح کے حالات میں کام کرتی ہے، اسی طرح اسکا¶ٹس فورس بھی ان حالات میں بہت ہی بہتر اور مو¿ثر طریقے سے اپنا کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکاﺅٹنگ سے بچوں میں ڈسپلن، محبت اور بھائی چارے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے جو انہیں معاشرے کا ایک کارآمد شہری بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ انہوں نے اسکاﺅٹس کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے اسکا¶ٹس تنظیموں کو یقین دلایا کہ ان سے منسلک جو بھی مسائل ہیں ان کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس آج بھی ایسے اسکاﺅٹس موجود ہیں جن کی اسکاﺅٹنگ میں 50، 50 سال کی خدمات ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن سید رسول بخش شاہ کا کہنا تھا کہ 22 فروری کو پوری دنیا میں اسکاﺅٹنگ کا عالمی دن منایا جاتا ہے اور ہم بھی دنیا کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہمارے سرکاری اسکولوں کے بچے اسکاﺅٹنگ ٹریننگ میں ہمیشہ حصہ لیتے رہے ہیں، ہمارے بچے جس طرح اسکاﺅ ٹنگ میں اپنا نام پیدا کررہے ہیں، آنے والے دنوں میں وہ رول ماڈل ثابت ہوں گے جو دوسرے بچوں میں احساس پیدا کرنے کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم اپنے بچوں کو غیر نصابی سرگرمیوں میں آگے نہیں لائیں گے، ہم بہتر معاشرے کی تشکیل نہیں کرسکتے کیونکہ بہتر معاشرے کے لیے ہمیں وہ نوجوان چاہیے جن میں احساس، برداشت اور اخلاقی قدریں موجود ہوں، جو مشکل حالات سے پوری قوت کے ساتھ نبردآزما ہونے کی صلاحیت رکھتے ہوں، یہی وجہ ہے کہ محکمہ تعلیم نے اس ضمن میں کچھ اقدامات کیے ہیں جبکہ ہمارے اساتذہ اپنے مستقبل کے معماروں میں احساس ذمے داری پیدا کرنے اور انہیں بہتر تعلیم فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے تمام اساتذہ کی خدمات پر انہیں سلام پیش کیا۔ قبل ازیں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے گورنمنٹ نیول رائے ہیرا نند ہائی اسکول میں گرین کارنر کا افتتاح کرتے ہوئے پودا لگایا جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن سید رسول بخش شاہ اور ڈویژنل ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد ذوالفقار شیخ نے بھی گرین کارنر میں پودا لگایا۔