ٹنڈوجام، گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 2 کے سابق طلبہ کی یاد گار تقریب

264

ٹنڈوجام (نمائندہ جسارت) گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 2 کے سابق طلبہ کی یاد گار تقریب، 37 سال بعد جب دوست ملے تو آنکھیں پرنم ہوگئیں، رات گئے اپنے اساتذہ اور گزر جانے والے دوستوں کے لیے دعا کی۔ گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 2 ٹنڈوجام کے 1984ءکے میٹرک کے طالب عملوں کی ایک تقریب منعقد ہوئی جس کی میزبانی ڈاکٹر راﺅ عمران راجپوت نے کی۔ تقریب میں بڑی تعداد میں اُس وقت کے طالب علم شریک ہوئے، جس میں کراچی، میرپورخاص، ٹنڈوالہیار، حیدرآباد میں رہنے والے اس وقت کے طلبہ نے شرکت کی، جب سعودی عرب سے ناصر محمود اور فیصل آباد سے ذوالفقار علی کراچی سے ندیم خانزادہ سمیت دیگر طلبہ آن لائن شریک ہوئے۔ تقریب میں 37 سال پہلے کے زیر تعلیم طلبہ اب بطور انجینئر، استاد، سیاستدان، عالم دین، بزنس مین، ڈاکٹر، صحافی بن کر ایک دوسرے کے سامنے تھے۔ ایک دوسرے کو دیکھ کر خوشی اور مسرت سے آنکھوں میں آنسو آگئے، سب لوگوں نے اس موقع پر اپنے خیالات اور گزر ے لمحات ایک دوسرے کو بتائے۔ اس موقع پر ڈاکٹر راﺅ عمران 84 گروپ کے ایڈمن ناصر شیخ، مختار علی، منظور قریشی، منور علی راجپوت کراچی جاوید عمر،صداقت علی راجپوت، میر قائم خان، سلیم کے کے، کراچی سے سہیل ادیب، عبدالخالق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریب نے پرانی یادیں تازہ کردی ہیں، آج پھر محسوس ہورہا ہے کہ شاید ہمارا اسکول میں پہلا دن ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ایک دوسرے سے پھر رابطے مضبوط کیے جائیں، ایک دوسرے کے غم اور خوشی میں شریک ہوا جائے۔