میرپورخاص، سبزی منڈی کے آڑھتیوں کا مارکیٹ کمیٹی کیخلاف احتجاج

173

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) سبزی منڈی کے آڑھیتوں، زمینداروں، ٹرانسپوٹروں اور تاجروں نے مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین کی زیادتیوں کیخلاف ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ میر فتح تالپور نے کہا کہ غیر قانونی طور پر منڈی کا ٹھیکہ دے کر اسلحہ بردار افراد کو بٹھا کر شیڈول سے کئی گنا زیادہ فیس وصول کررہے ہیں۔ آڑھتی سبزی فروٹ کمیشن ایجنٹ ایسوسی ایشن، زمینداروں، ٹرانسپورٹروں، سبزی فروٹ کے تاجروں، مزدوروں اور دیگر کی جانب سے سبزی منڈی سے پریس کلب تک صدر منوں قریشی، جنرل سیکرٹری کامران قریشی اور دیگر کی قیادت میں مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین میر فتح تالپور کی زیادتیوں کیخلاف ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ میر فتح تالپور نے مارکیٹ کمیٹی کا ٹھیکہ بغیر کسی بولی کے اپنے من پسند شخص کو دے دیا ہے، جس نے منڈی کے داخلی راستوں پر اپنے اسلحہ بردار افراد کو تعینات کر کے شیڈول سے کئی گنا زیادہ منڈی فیس وصول کررہے ہیں اور منڈی کو نوگو ایریا بنا دیا ہے جبکہ دس ویلرز ٹرک سے دو سو روپے، ٹرک سے 150 روپے، مزدا ٹرک سے ایک سو روپے، پک اپ سے پچاس روپے اور رکشہ و گدھا گاڑی سے 20 روپے فیس وصول کی جارہی ہے، اس سے قبل منڈی میں داخلے کا کوئی ٹیکس نہیں تھا، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اور چیئرمین مارکیٹ کمیٹی سے کئی بار مذاکرات بھی ہوئے لیکن زبانی تسلی کے علاوہ عملی طور پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے الٹی میٹم دیا کہ اگر چوبیس گھنٹوں میں اس مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو ہم سپلائی بند کر کے دھرنا دیں گے، جس میں تمام تاجر تنظیمیں بھی شرکت کریں گی۔