ٹنڈوالہٰیار، بھیل کالونی میں گندے پانی کی نکاسی کا نظام تباہ

182

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) گنجان آباد کالونی، خواجہ اجمیر کالونی، المعروف بھیل کالونی میں گندے پانی کی نکاسی کا نظام 12 سال سے تباہ حال، گورنمنٹ پرائمری اسکول کی طرف جانے والا مرکزی راستہ مکمل طور پر گندے پانی میں ڈوب گیا، معصوم بچے اسکول جانے سے قاصر، گندے پانی نے گھروں کا رخ کرلیا، کوئی پرسان حال نہیں۔ ٹنڈوالہٰیار شہر کی گنجان آباد کالونی خواجہ اجمیر کالونی المعروف بھیل کالونی میں محکمہ پبلک ہیلتھ کی جانب سے 2009ء میں گندے پانی کی نکاسی کے لیے نالیاں تعمیر کروائی گئی تھیں، جبکہ نالیاں تو بن گئیں لیکن نکاسی آب کا کوئی نظام نہ ہونے کی وجہ سے 7 سال تک کالونی کے رہائشی عذاب میں مبتلا رہے۔ گندا پانی ان کے گھروں میں داخل ہوتا رہا اور گلیاں اور راستے ہر وقت گندے پانی میں ڈوبے رہتے۔ جبکہ 2016ء میں ایک مرتبہ پھر میونسپل کمیٹی کی جانب سے مذکورہ کالونی (وارڈ 10 اور 11) میں گندے پانی کی نالیاں تعمیر کروائی گئیں مگر اس مرتبہ بھی نکاسی آب کا کوئی بندوبست نہ کیا گیا، جس کی وجہ سے گندا پانی جوں کا توں لوگوں کے گھروں میں داخل ہوتا رہا۔ اس کے بعد کالونی کے مکینوں کی شکایات پر ایم پی اے سید ضیاء عباس شاہ سمیت میونسپل کمیٹی کے چیئرمین سید امداد شاہ اور وارڈ 10 اور 11 کے کونسلرز غلام مصطفی زرداری اور شاہد جعفر قائم خانی نے متعدد بار مذکورہ کالونی کے دورے کیے اور یقین دلوایا کہ گندے پانی کے نکاس کا نظام درست کروایا جائے گا لیکن گزشتہ بلدیاتی دور کے 4 سال بھی گزر گئے مگر تاحال کوئی عمل نہیں ہوسکا۔ جس کی وجہ سے اس وقت بھی مذکورہ کالونی کے رہائشی اْسی طرح عذاب میں مبتلا ہیں جس طرح آج سے 12 سال قبل تھے۔ ہر جگہ گلیاں گندے پانی سے بھری ہوئی نظر آتی ہیں۔ جبکہ سال 2014ء میں مذکورہ کالونی میں ایک معصوم بچہ حبدار قنبرانی گم ہوگیا تھا، جس کی لاش گٹر کی گندے پانی کی نالی سے برآمد ہوئی تھی۔ جس کیخلاف مذکورہ بچے کے ورثاء نے احتجاج بھی کیا تھا، جس کے بھی حکام نے یقین دلایا تھا لیکن تاحال صورتحال میں رتی برابر فرق نہیں آیا۔ جبکہ علاقہ مکینوں نے میڈ یا کو بتایا کہ گندے پانی کی نکاسی کا نظام 12 سال سے جوں کا توں تباہ حالی کے مناظر پیش کرتا ہوا نظر آتا ہے۔ جس کی وجہ سے کالونی کے مکین مسلسل عذاب میں مبتلا ہیں۔ گندا پانی گھروں میں داخل ہو رہا ہے اور گلیاں اور راستے ہر وقت گندے پانی میں ڈوبے رہتے ہیں۔ جبکہ گزشتہ بلدیاتی دور میں بنائی گئی گٹر نالیوں کی نکاسی نہ ہونے کے باعث اب گندا پانی کالونی کے مرکزی رستے پر جمع ہوگیا ہے اور گورنمنٹ پرائمری اسکول کی طرف جانے والا راستہ مکمل طور پر بند ہوگیا ہے، جس کے وجہ سے معصوم بچے اسکول جانے سے قاصر ہیں۔ جبکہ کالونی کے مکینوں سمیت گردونواح کے لوگ بھی آنے جانے کا مرکزی رستا گندے پانی میں ڈوب جانے کی وجہ سے سخت عذاب میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر و ضلع ایڈمنسٹریٹر رشید احمد زرداری نے رابطہ کرنے پر نوٹس لیا تھا اور ان کی ہدایات پر سٹی ایڈمنسٹریٹر اختر شیخ نے کالونی کا دورہ بھی کیا تھا مگر موصوف رسمی طور پر آکر رپورٹ لیکر چلے گئے، جس کے بعد کوئی تاحال پرسان حال نہیں۔ کالونی کی مکینوں نے ڈپٹی کمشنر رشید احمد زرداری سے پْرزور مطالبہ کیا ہے کہ خواجہ اجمیر کالونی کے گندے پانی کی نکاسی کا مسئلہ فی الفور حل کرایا جائے۔