لاڑکانہ، میڈیکل سینٹر کے باہر سے تین موٹر سائیکلیں چوری

193

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) تھانہ دڑی کی حدود میں واقع نجی میڈیکل سینٹر کے باہر اتوار کی شب چوروں نے تین موٹرسائیکلوں کے تالے توڑ کر موٹرسائکلیں چوری کرکے فرار ہوگئے اطلاع پر حد کے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کر سی سی ٹی وی فوٹیجز و دیگر شواہد اکھٹے کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی۔ اس موقع پر متاثرہ شہریوں عرفان سومرو، شاہد شیخ و دیگر کا کہنا تھا کہ ہم اپنی مریضوں کی عیادت اور علاج معالجے کی غرض سے نجی میڈیکل سینٹر میں آئے، جہاں نامعلوم افراد نے ہماری موٹرسائیکلوں کے تالے توڑ کر موٹر سائکلیں چوری کرکے فرار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ سے اپیل کی کہ چوری شدہ موٹرسائیکل واپس کرکے چوروں کو گرفتار کیا جائے۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کے بعد تفتیش میں معلوم ہوا ہے، موٹرسائیکل چوری میں تین افراد ملوث ہیں جن کی شناخت کی جارہی ہے، تمام جلد چوروں کو گرفتار کرکے موٹرسائکلیں برآمد کروالی جائیں گی۔ دوسری جانب سماجی اور وکلاء رہنماؤں عاشق بوسن، ایڈووکیٹ سلمیٰ بھٹو، ایڈووکیٹ طاہرہ نوناری، پپن سومرو و دیگر نے امن قافلے کی صورت میں شہر کے مختلف تھانوں میں جاکر متعلقہ ایس ایچ اوز سے ملاقات کرکے انہیں پاک کتاب کے تحائف پیش کرکے امن امان کو بہتر بنانے کی اپیل کی۔ قنبر بائی پاس پر تیز رفتار ٹریکٹر اور موٹرسائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں قنبر تحصیل کے گاؤں مینا کی رہائشی 50 سالہ ضعیف خاتون عنایت خاتون اور ان کا 30 سالہ بیٹا مسعود احمد سومرو شدید زخمی ہوئے۔ دوسری جانب اسی مقام پر لوڈر چنگ چی اور موٹر سائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں قنبر شہر کے حسین آباد محلہ کے رہائشی ضعیف شخص محمد ابراہیم شیخ اور ان کا 8 سالہ بیٹا محمد یوسف شیخ شدید زخمی ہوئے، چاروں زخمیوں کو علاقہ مکینوں نے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی جبکہ ڈاکٹروں نے زخمی خاتون سمیت دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی ہے۔