تاجر کاروباری مراکز میں چوکیداری نظام کو فعال کریں، اے ڈ ی پنہور

75

ماتلی (نمائندہ جسارت) ایس ایچ او ماتلی اے ڈی پہنور نے میڈیا اور شہر کی تاجر برادری سمیت دیگر شہریوں کی موجودگی میں کرائم کے حوالے سے پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈی ایس پی ماتلی خالد رستمانی بلوچ اپنی طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے بریفنگ میں شرکت نہ کرسکے۔ ایس ایچ او نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ ایک ماہ قبل ابو بکر مشاخ کی ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کی دو بھینسیں برآمد کرکے کی چوری میں ملوث ملزم اصغر عرف بلیڈ کو گرفتاری کرنے ماتلی کے شہری منور شاہ کے گھر سے سونے کے زیور اور موبائل فون چوری کرنے والے ملزم وزیر علی شیدی کو گرفتار کرکے زیورات برآمد کرنے اور اس کی نشاندھی پر چار مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرنے سمیت منشیات فروش رسول بخش شیدی کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ڈیڑھ کلو چرس اور کچی شراب بنانے کی بھٹی پر چھاپا مار کر شراب کشید کرنے والے آلات، خام مال اور ہزاروں لیٹر تیار شراب برآمد کرنے کی تفصیلات میڈیا کو بتائیں۔ بریفنگ میں شہریوں اور تاجر برادری کے نمائندوں شمشیر راجپوت، رائو مجاہد خان، عطا محمد گدی پٹھان، محمد سراج کیریو اور سیٹھ بشیر احمد کمبوہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ایس ایچ او نے کہا کہ شہری رات کو اپنی موٹر سائیکلیں گلیوں میں کھڑی کرنے کے بجائے محفوظ جگہ پر کھڑی کریں اور نمبر پلیٹ لگائیں۔ گلیوں میں روشنی کے انتظامات پر توجہ دیں۔ انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ اپنے کاروباری مراکز میں روشنی کے انتظامات اور چوکیداری کے نظام کو فعال بنانے کی طرف توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی اور ایس پی بدین کی جانب سے ضلع کے دیگر شہروں کی طرح ماتلی شہر میں بھی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرائے جائیں گے۔