بھارتی کسانوں کی پارلیمان کا گھیراؤ کرنے کی دھمکی

111

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں متنازع زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج میں دن بہ دن شدت آتی جا رہی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق مودی سرکار کی کسان دشمن پالیسیوں واور حکومتی رویے سے نالاں مظاہرین نے مطالبات منظور نہ ہونے پر پارلیمان کے گھیراؤ کی دھمکی دے دی ہے۔ پیر کے روز بھارتی پنجاب میں لاکھوں مظاہرین نے بی جے پی کی مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ برنالہ شہر میں کسانوں کی بڑی پنچایت منعقد کی گئی، جس میں رہنماؤں نے اعلان کیا کہ مودی سرکار کے ظالمانہ قوانین کے خلاف 8 مارچ کو پارلیمان کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ دریں اثنا بھارتی ریاست ہریانہ میں کسانوں نے حکومت کے احتجاج کے طور پر تیار فصلوں کو بھی تباہ کردیا۔ علاوہ ازیں کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج میں شامل ہوتے ہوئے کسانوں کے اساتھ ٹریکٹر ریلی نکالی۔ اُدھر امریکا کی 87 بڑی کسان یونینوں نے بھی بھارتی کاشت کاروں کے حق میں آواز اٹھانا شروع کردیا ہے۔ ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ زرعی قوانین کسانوں سے زندگی چھیننے کے مترادف ہے۔