وزیر اعظم استعفا نہیں دینگے،اسمبلیاں توڑ دیں گے،اعتزاز

20

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان استعفا نہیں دیں گے بلکہ اسمبلیاں توڑ دیں گے۔انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا کہ پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی اگر سینیٹ انتخابات جیت گئے تو عمران خان مستعفی نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا حکومت یا حزب اختلاف کوئی بھی رکن پارلیمنٹ اسمبلیوں کی تحلیل نہیں چاہتا لیکن عمران خان سینیٹ انتخابات میں شکست کے بعد بھی استعفا نہیں دیں گے بلکہ اسمبلیاں توڑ دیں گے۔عمران خان اسمبلیاں توڑنے کے بعد پھر انتخابات کی طرف آئیں گے اور کہیں گے کہ ہم تو احتساب کرنے والے تھے لیکن انہوں نے ہمارے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی،سینئر وکیل رہنما نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ میں بڑی دراڑ پڑی ہوئی ہے ،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے اختلافی نوٹ کو پبلک کیے جانے کے بعد اس سے ان کی جانبداری مزید کھل کر سامنے آگئی ، کیوں کہ اگر اس اختلافی نوٹ کی زبان دیکھیں تو وہ بہت ہی فرسٹریشن پر مبنی لگتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں چودھری اعتزاز احسن نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے، وزیر اعظم ترقیاتی فنڈز کیس میں 4 ججز نے اپنے ساتھ بیٹھے ہوئے جج کو کہا کہ آپ یہ مقدمہ نہیں سن سکتے، میرے علم کے مطابق پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا ، ہونا تو یہ چاہیے کہ جس بینچ نے نوٹس دیا ہو اس کے دونوں ججز لارجر بینچ میں آئیں، تمام صوبوں اور چیف جسٹس آف پاکستان اختیار رکھتے ہیں کہ وہ بینچ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو اس بینچ میں بیٹھنا ہی نہیں چاہیے تھا،بنچ میں بیٹھنے یا نہ بیٹھنے کا فیصلہ جج کو نہیں کرنا چاہیے، پاکستان میں عدلیہ کے ہاتھوں بہت غلط نظیریں بھی رکھی گئی ہیں۔