عمران خان کے طیارے کو بھارتی حدود استعمال کرنے کی اجازت

210

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان کے طیارے کو بھارتی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت مل گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دورہ سری لنکا کے لیے بھارت نے وزیر اعظم عمران خان کے خصوصی طیارے کو بھارتی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔ وزیراعظم عمران خان آج بروز منگل سری لنکا کے 2 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے اس سے قبل اجازت نہ ملنے پر کمرشل فلائٹ سے جانے کا پروگرام بنایا تھا۔تاہم اب اجازت ملنے کے بعد وزیراعظم عمران خان خصوصی طیارے سے سری لنکا کے 2 روزے دورے پر روانہ ہوں گے۔ خیال رہے کہ دورہ سری لنکا کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دوستی کو تقویت دینے کےلیے دورہ سری لنکا کےلیے پوری طرح تیار ہوں، دونوں ممالک کے درمیان باہمی اشتراک کو آگے بڑھایا جائے گا، دورے پر مدعو کرنے پر سری لنکن وزیراعظم کا مشکور ہوں۔دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم سری لنکا کے وزیر اعظم کی دعوت پر سری لنکا کا دورہ کریں گے، وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم سری لنکن صدر اور ہم منصب مہیندا راجا پاکسے سے ملاقاتیں کریں گے۔وزیراعظم دونوں ممالک کے درمیان وفود سطح مذاکرات کی قیادت کریں گے، مذاکرات میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم، زراعت پر بات چیت ہوگی۔ترجمان کے مطابق دونوں ممالک سائنس و ٹیکنالوجی، دفاع، سلامتی، ثقافت اور سیاحت میں تعاون پر بات کریں گے، مذاکرات میں دو طرفہ امور، اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔