تھرپارکر کے باشعور عوام نے ضمنی انتخابات میں ناہل حکمرانوں کو آئینہ دکھادیا، بلاول

101

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ تھرپارکر کے باشعور عوام نے ضمنی انتخابات میں نااہل حکمرانوں کو آئینہ دکھا دیا، سلیکٹڈ وزیراعظم اب عزت سے مستعفی ہو کر گھر چلے جائیں۔بلاول زرداری نے این اے 221سے پی پی امیدوار کی غیر حتمی نتائج میں کامیابی پر پیغام میں کہا کہ تاش کے پتوں سے بنے محل جیسی سلیکٹڈ حکومت کے لیے حالیہ ضمنی انتخابات پہلا امتحان تھا، ضمنی انتخابات میں عمران خان چاروں صوبوں میں فیل ہوئے ، آئندہ بھی شکست ان کا مقدر ہے، پاکستان کی تمام جمہوری قوتیں ایک پیج پر ہیں، سینیٹ الیکشن میں بھی جیت عوام کی ہوگی۔ علاوہ ازیںسابق صدرمملکت اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے این اے 221 پرپیپلزپارٹی کی جیت پر تھر کے عوام سے ساتھ دینے کے لیے اظہار تشکر کیا ہے۔آصف زرداری نے این اے 221تھر پا ر کر میں ضمنی انتخاب میں سید امیر علی شاہ جیلانی کی جیت پر تھر کے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ثابت ہوا کہ بھٹو شہید اور عوام کا رشتہ اٹوٹ ہے۔ انہوں نے کہاکہ سید امیر علی شاہ جیلانی کی جیت جانثار جیالوں کی محنت کا ثمر ہے، صحت اجازت دیتی تو پارٹی کارکنوں کے ساتھ فتح کا جشن مناتا۔آصف زرداری نے کہا کہ تھر ترقی یافتہ علاقہ بنے گا۔