نوجوان نسل کو سماجی دباؤ اور چیلنجز کا سامنا ہے‘ واؤ ویمن کانفرنس

156

کراچی (اسٹاف رپورٹر)معاشرے میں معتدل رجحانات پروان چڑھانے کی ضرورت ہے، نوجوان نسل کو سماجی دباؤ اور چیلنجز کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ان کی صلاحیتیں انفرادی و اجتماعی زندگی کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہوتیں۔یہ بات ڈاکٹر مہ جبین اختر نے وی ٹرسٹ آفس کراچی میں جے آ ئی یو تھ کراچی ویمن ونگ کے تحت منعقد ہونے والی ’’واؤ ویمن کانفرنس ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ کانفرنس میں مختلف تعلیمی اداروں سے وابستہ نوجوان طالبات، ورکنگ ویمن اور نوجوا ن خواتین نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں کانفرنس میں ایک مذاکرہ بھی ہوا جس میں ماہر نفسیات ،ٹیکساس یونیورسٹی سے سندیافتہ ڈاکٹر مہ جبین ،ڈائریکٹر نیورو کیئرکراچی نفسیاتی اسپتال و ڈائریکٹر ٹریننگ اینڈ مینجمنٹ ڈاکٹر ماہ رخ کے علاوہ ماہر تعلیم ،بلاگر، شاعرہ، ممبر حریم ادب نیر کاشف ملک، کلینیکل سائیکالوجسٹ، سند یافتہ یوتھ کاؤنسلر بینش ضیا سمیت دیگر نے اظہار خیال کیا۔مذاکرے میں پاکستانی معاشرے میں طالبات اور خواتین کے مسائل، شرعی اور سماجی اختیارات ،نوجوان لڑکیوں کے شادی سے قبل اور بعد کے نفسیاتی مسائل، نفسیاتی دباؤ اور ان کے حل پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔اس موقع پر شرکا کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے تسلی بخش جواب دیے گئے۔’’واؤ ویمن کانفرنس ‘‘میں صدر جے آئی یوتھ پاکستان کوثر مسعود اور جماعت اسلامی کراچی حلقہ خواتین کی ناظمہ اسما سفیر نے خصوصی شرکت کی۔کانفرنس سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے صدر جے آئی یوتھ کراچی عذرا سلیم نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی یوتھ یہ یقین رکھتا ہے کہ نوجوان خواتین معاشرے کا سرمایہ ہیں۔ہم اس سرمائے کو اپنے درمیان پا کر اور اس کی رہنمائی کرنے میں فخر و انبساط محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے ’’واؤ ویمن کانفرنس‘‘ کو سہ ماہی بنیاد پر جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔