تمام جمہوری قوتیں شفاف انتخابات کیلیے ڈائیلاگ کریں، لیاقت بلوچ

162

لاہور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و صدر مجلس قائمہ سیاسی قومی امور لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ سینیٹ اور ضمنی انتخابات میں حکومتی رویے ، مداخلت اور قتل و غارت گری نے انتخابی نظام کو مکمل طور پر بے نقاب کردیا ہے ۔ انتخابات کے لیے نمائشی اور سطحی اقدامات کے بجائے تمام سیاسی جمہوری قوتیں شفاف و غیر جانبدارانہ اور مہذب و بااعتماد انتخابات کے لیے ڈائیلاگ کریں وگرنہ سیاسی ،جمہوری، انتخابی بے توقیری جمہور کو جمہوری حقوق سے محروم کرد ے گی ۔ جمہوری قوتوں کو اسٹیبلشمنٹ شفاف انتخابات کی خیرات نہیں دے گی یہ معرکہ جمہوری قوتوں کو اپنی اصلاح کے ساتھ خود سر کرناہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی پنجاب میں ضلعی سیاسی کمیٹیوں کے ارکان اور قائدین کی سیاسی انتخابی تربیتی ورکشاپ سے خطاب ، آزاد کشمیر اسمبلی کے رکن عبدالرشید ترابی سے ملاقات اور اسلام آباد میں سینیٹر مشاہد اللہ خان مرحوم کی تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ فوج کے ترجمان کے فرمان سے یہ حقیقت ختم نہیں ہوسکتی کہ فوج سیاست میں ہے ۔ 1958ء سے فوج براہ راست سیاسی انتخابی اور پالیسی سازی کے نظام میں موجود اور بالادست ہے ۔ ریاستی اداروں کا سیاسی کردار اب بے نقاب ہو گیاہے ۔ قومی سلامتی کو لاحق خطرات کا تقاضا ہے کہ افواج پاکستان اپناآئینی اور دفاع پاکستان کا کردار مکمل طور پر سنبھال لیں ، پوری قوم اس کی پشتیبان ہوگی ۔ فوج کے سیاسی کردار سے قومی ادارے کا کردار بھی متنازع ہوجاتاہے ۔افواج پاکستان ہی پوری قوم اور دفاع پاکستان کے لیے بااعتماد ادارہ ہے ۔ذرائع ابلاغ کی آزادی اور 22 کروڑ عوام میں جمہوری حقوق کا شعور اب جمہوریت کی بڑی طاقت ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ حق خود ارادیت کا حصول ہی آزادیٔ کشمیر کی منزل ہے ۔ آزاد جموں و کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے ۔ گلگت بلتستان کے انتخابات کی طرح آزاد کشمیر انتخابات کو متنازع نہ بنایا جائے ۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کی اصل ذمے داری اور محاذ متفقہ قومی کشمیر پالیسی کے لیے قوم کو متحد کرناہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں نے آزادی کی لازوال تحریک مرتب کردی ہے ۔ یہ جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی اور بھارت اپنے ظلم و جبر کے سمندر میں خود ڈوبے گا ۔