این اے 75کے ڈی آر او اور ریٹرننگ افسر آج اسلام آبادطلب

114

اسلام آباد/ لاہور (آن لا ئن/ نمائندہ جسارت) چیف الیکشن کمشنر نے حلقہ این اے 75 کے ڈی آر او اور ریٹرننگ افسر کو آج (منگل کو) اسلام آباد طلب کرلیا جہاں چیف الیکشن کمشنر این اے 75 کے ضمنی الیکشن کے نتائج سے متعلق سماعت کریں گے اور اس دوران تحقیقاتی رپورٹ بھی زیر بحث آئے گی۔ الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق ریٹرننگ افسرکی تحقیقاتی رپورٹ سیل شدہ لفافے میں چیف الیکشن کمشنر کو بھجوادی گئی ہے‘ فارم45 پر ابتدائی اورریٹرننگ افسر کو موصول نتائج فرق سے متعلق علم نہیں۔ علاوہ ازیںپنجاب حکومت کے ترجمان نے کہا کہ ایک حلقے کی جانب سے اس بات کا تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ضمنی انتخابات کے موقع پر انتظامیہ موجود نہ تھی جو کہ مکمل طور پر بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر کی پریس ریلیز میں بھی کہاگیا کہ چیف سیکرٹری سے رات 3 بجے تک رابطہ رہا‘ ڈویژنل سطح پر کنٹرول روم قائم کیاگیا تھا اور افسران لمحہ بہ لمحہ صورتحال کی رپورٹ اپنے اعلیٰ افسران کو پیش کر رہے تھے۔