دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی کارکردگی متاثر کن ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

191

نیویارک(صباح نیوز)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان کا امن کی جانب ارتقائی سفر شاندار ہے۔ دہشت گردی کے خلاف اس کی کارکردگی متاثر کن ہے۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا میں بہت سے ممالک کے بارڈرز ابھی بند ہیں لیکن پاکستان نے اپنی سرحد یں اور عوام نے اپنے دل اور گھر کھولے ہیں۔انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کھلی سرحدیں اور عوام کے کھلے دل خلوص کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ تمام مذاہب ہمیں امن کے لیے متحد کرتے ہیں۔ کرتار پور راہداری پاکستان کی طرف سے مذہبی ہم آہنگی کا پیغام ہے۔ دوسری جانب امریکی سینیٹر لنڈسے اولن گراہم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میں پاکستان آرمی اور اس خطے کے لوگوں سے بے حد متاثر ہوں۔ پاکستان آرمی اس خطے کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے ہر دم کوشاں ہے۔امریکی سینیٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی اور خطے کے لوگوں نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، ان کامیابیوں کو بھلایا نہیںجا سکتا۔امریکی سینیٹر شیلڈن نے بھی دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی یہ سوچا بھی نہیں تھا کہ میں ایک پرامن جنوبی وزیرستان جا سکوں گا۔ پاکستان آرمی کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔ جنرل سر نکولس کارٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے پاکستان آرمی کی اس خطے میں کاوشوں اور کامیابیوں کے بارے میں بہت سنا ہے۔ وزیرستان کو دہشت گردی سے کلیئر اور ہولڈ کرنا پاکستان آرمی کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔