آرمی چیف سے قطری وزارت خارجہ کے نمائندہ خصوصی کی ملاقات

149

راولپنڈی (صباح نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے قطری وزارت خارجہ کے خصوصی نمائندے ڈاکٹر مطلق بن ماجد القہطانی کی جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات، ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات اور افغان امن عمل پر بھی گفتگو کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک، قطر تعلقات دیر پا شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں، پاکستان اور قطر مشترکہ تاریخ اور بہترین تعلقات رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور گہرے تعلقات ہیں۔ قطری نمائندہ خصوصی نے علاقائی امن و استحکام کیلیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان بہترین تعلقات کیلیے کام کرتے رہیں گے۔