میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی بحری تحفظ کی ذمے دار ہے، امیر البحر

282

کراچی( اسٹاف رپورٹر) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ سمندری قانون کے نفاذ کا واحد ادارہ ہونے کے ناطے پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی قومی بحری مفادات کے تحفظ کی ذمے دار ہے، امیر البحر نے زور دیا کہ پی ایم ایس اے کو بلیو اکانومی کی ترقی سے متعلق حکومتی اقدامات میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں انہیں پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کی ذمے داریوں اور آپریشنل امور پر بریفنگ دی گئی۔ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے افسران اور عملے سے خطاب کرتے ہوئے امیرالبحر نے بحری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کے انسداد، ماہی گیروں کو سہولیات کی فراہمی اور سمندر میں ان کے تحفظ کو یقینی بنانے میں ایجنسی کی کوششوں اور عزم کو سراہا اور ایجنسی کی آپریشنل صلاحیتوں اورپیشہ ورانہ قابلیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ پاک بحریہ پی ایم ایس اے کو ہر ممکن مدد فراہم کرتی رہے گی۔