گلیوں میں ٹیپ بال کھیل کر پی ایس ایل تک پہنچا، سلمان مرزا

473

کراچی (نمائندہ خصوصی )لاہور قلندرز نے کرکٹ کی دنیا میں ایک اور ستارہ متعارف کرادیا۔لاہور قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام سے 25 سالہ فاسٹ بولر سلمان مرزا نے ڈیبیو کیا ہے۔سلمان مرزا کا کہنا ہے کہ لاہور کی گلیوں میں ٹیپ بال کھیلنے والے کو قلندرز نے پی ایس ایل تک پہنچا دیا، وہ قلندرز کے لیے ضرور ہیرو بنیں گے۔ لاہور قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام نے گزشتہ چند برس کے دوران پی ایس ایل میں کئی ایسے کرکٹرز متعارف کرائے جو پہلے کہیں نہیں تھے۔ پی ایس ایل کی متحرک ترین فرنچائز نے حارث رؤف جیسے کرکٹر کو اپنے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام سے پاکستان انٹرنیشنل کرکٹر بنادیا۔اس کے علاوہ دلبر حسین ، سہیل اختر، سلمان ارشاد، معاذ خان ، فرزان راجہ اور محمد فیضان بھی لاہور قلندرز کے متعارف کرائے گئے ستارے ہیں۔سلمان مرزا نے پی ایس ایل 6 میں لاہور قلندرز کی جانب سے پشاور زلمی کے خلاف میچ میں ڈیبیو کیا اور پہلے ہی میچ میں کامران اکمل اور حیدر علی کی وکٹیں حاصل کرکے شاندار انٹری دی۔سلمان مرزا 2017 اور 2018 میں دونوں مرتبہ ٹرائلز میں آئے، پی ڈی پی ٹورنامنٹ میں فیصل آباد اور لاہور کی نمائندگی کی ، پھر 2019 میں بیٹل آف قلندرز ٹی ٹین ٹورنامنٹ کھیلا اور وہاں سے قلندرز کے کوچنگ اسٹاف کی نظروں میں آئے۔انہیں ہائی پرفارمنس سینٹر بلایا گیا جہاں ان کی ٹریننگ کی گئی اور آج سلمان مرزا پی ایس ایل کا حصہ بن گئے ہیں۔