تیز رفتار کارالٹنے و دیگر واقعات میں 4 دوستوں سمیت 9 جاں بحق

286

کراچی (اسٹاف رپورٹر) یونیورسٹی روڈ پر شیخ زید اسلامک سینٹر کے سامنے تیز رفتار کار نمبر BEx-796 موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے پیڈسٹرین پل سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں کار میں سوار چاروں نوجوان رمیز صدیقی ،محمد اسد،تیمور اور روحان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اہلخانہ کے مطابق چاروں جاں بحق افراد آپس میں دوست تھے جو اپنے کسی دوست کے پاس گلستان جوہر کھانا کھانے جا رہے تھے،ڈیفنس تھانے کے قریب نالے سے ایک 55سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی جس کی موت ڈوبنے سے ہوئی ۔ایف بی ایریا بلاک 22 شفیق کالونی میں ایک زیر تعمیر عمارت بٹگرام ہوٹل کے قریب گھر کی چھت گرنے سے 25سالہ رحمت اللہ ولد سرمست خان جاں بحق ہوگیا۔ ماڑی پور کے علاقے میں جاوید بحریہ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر راہگیر جاں بحق ہوگیا ، متوفی کی لاش فوری طور پر سول اسپتال منتقل کی گئی ، متوفی کی شناخت60سالہ محمد لئیق ولد حاجی حسن کے نام سے کی گئی، موچکو کے علاقے لکی چڑھائی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکرسے پولیس اہلکار 40سالہ حاکم علی زخمی ہوگیا جس کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ بلدیہ ٹائون کے علاقے لیبر اسکوائر کے قریب نجی کمپنی کے چھت سے پراسرار طورپر گر کر محنت کش 50سالہ عبادت خان ولد سلامت خان جاں بحق ہوگیا ۔بلاول چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں دو نوجوان شدید زخمی ہوگئے جنہیں ایمبولنس میں جناح اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 28سالہ حسن دم توڑ گیا جبکہ 25سالہ شفقت ظفرکی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔ پولیس کے مطابق نامعلوم گاڑی سوار موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مارتے ہوئے فرار ہوگئے تھے تاہم پولیس مزید جانچ کررہی ہے۔شاہ لطیف ٹاؤن میں جھگڑے کے دوران سالے نے کلہاڑی کے وارکرکے بہنوئی کو قتل کردیا ،پولیس نے ملزم کوگرفتارکرلیا،شاہ لطیف کے علاقے عثمان خاص خیلی گوٹھ میںگھریلوجھگڑے کے دوران 8افراد زخمی ہوگئے۔