لیاری اولمپکس کے بعد کراچی سٹی اولمپکس کا اعلان

160

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے لیاری اولمپکس کے بعد کراچی سٹی اولمپکس کا اعلان کردیا،انہوںنے کہا کہ لیاری سمیت پورے کراچی کے میدانوں کو آباد کر یں گے،سید عبدالرشید لیاری میں بڑے پروگرامات کریں گے اس کے بعد پورے شہر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا ، شہر کے نوجوان جماعت اسلامی کے گرد جمع ہو رہے ہیں ، نوجوانوں کی اْمید صرف جماعت اسلامی ہے ، کراچی کی حکومت ملی تو نوجوانوں کی تقدیر بدل دیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہار پریمئر لیگ سیزن ٹو کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا بہار پریمئیر لیگ سیزن ٹو کا ٹائٹل بہار ایگلز نے اپنے نام کر لیا، فائنل ٹاکرا بہار سٹرائکر ز اور بہار ایگلز کے درمیان کھیلا گیا ۔ اس موقع پر ناظم جماعت اسلامی لیاری سید جواد شعیب اور انکی ٹیم ، حفیظ بلوچ ، ہدایت بلوچ ، سعود سلیم بلوچ ، رضوان سربازی بلوچ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔