این اے 75 ری پولنگ: وزیراعظم کی امیدوار کو چیلنج قبول کرنے کی ہدایت

155

اسلام آباد (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 میں ری پولنگ کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار کو اپوزیشن کا چیلنج قبول کرنے کی ہدایت کی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ شفاف اور آزادنہ الیکشن کی حمایت کی ہے۔ اگرچہ ہمیں این اے 75 ضمنی الیکشن میں قانونی طور پر کسی پابندی کا سامنا نہیں لیکن اس کے باوجود میں اپنے امیدوار سے درخواست کروں گا کہ وہ 20 پولنگ اسٹیشنز میں ری پولنگ کی درخواست کرے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم انتخابات کے عمل میں شفافیت چاہتے ہیں اور اسی لیے ہماری خواہش ہے کہ سینیٹ کا الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے ہو۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ صاف اور شفاف الیکشن کے انعقاد کا مطالبہ کیا لیکن بدقسمتی سے دوسروں نے اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کی۔ جب ہم نے 2013ء میں صرف چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تو اسے تسلیم کرنے میں دو سال کا عرصہ لگا دیا گیا۔