امریکابھارت کو اسلام آبادسے رابطے پرآمادہ کرے‘پاکستان

138

واشنگٹن (آن لائن) پاکستان نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کو اسلام آباد سے رابطے پر آمادہ کرے‘ مودی حکومت کشمیر کے حوالے سے یکطرفہ اقدامات کو فوری طور پر واپس لے۔ واشنگٹن تھنک ٹینک اسٹیمسن سینٹر کے آن لائن فورم سے خطاب کرتے ہوئے امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اسد مجید نے کہا کہ پاکستان پر امن ہمسائیگی کے لیے پر عزم ہے لیکن یہ اب بھارت پر منحصر ہے کہ درست صورتحال پیدا کرے‘ ہم امریکا پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بائیڈن حکومت کو افغانستان سے فوجیں نکالنے میں کسی بھی تاخیر کے حوالے سے طالبان سے مشورہ کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ معمول کے مطابق تجارتی و سیاسی تعلقات قائم کرنے کی خاطر بھارت سب سے پہلے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اپنے تمام یکطرفہ اقدامات کو واپس لے اور کشمیر سمیت تمام تنازعات حل کرنے کے ارادے کے ساتھ بات چیت کرے۔ انہوں نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ ایک نئے اور تبدیل شدہ پاکستان سے تعلقات کے لیے ایک نیا نقطہ نظر تشکیل دے۔