چینی کی قیمت ایک بار پھر 100 روپے فی کلو سے متجاوز

301

اسلام آباد (اے پی پی/آن لائن) کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی فی کلو قیمت ایک بار پھر 100 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ادارہ شمارت کے مطابق ایک ہفتے کے دوران لاہور میں چینی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے اور کراچی میں 4 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہری چینی 100 روپے کلو خریدنے پر مجبور ہیں۔ علاوہ ازیں نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا ہفتہ وار اجلاس پیرکو ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں ہفتے کے دوران ضروری اشیا بالخصوص آٹا، چینی، بناسپتی گھی، مرغی اور انڈوں کی قیمتوں کے رحجانات کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ہفتے وار بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 0.55 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا ہے‘8 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 18کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ وزارت صنعت وپیداوار کے سیکرٹری نے بتایا کہ اس وقت ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر11ضروری اشیا رعایتی نرخوں پر شہریوں کو فروخت کی جا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر حماد اظہرنے کمیٹی کو بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے50 ہزار ٹن چینی کی درآمد کے لیے پہلے سے انتظامات کرلیے ہیں‘ یہ چینی صارفین کو رعایتی نرخوں پرفراہم کی جائے گی۔