وزیراعظم سے ملاقات میں 20 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی غیرحاضر

326

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور پہنچے جہاں انہوں نے کئی اجلاسوں کی صدارت کی۔ دورے میں ان سے خیبرپختونخوا کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی تاہم اب اس اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیردفاع پرویز خٹک کا کہنا تھاکہ نوشہرہ انتخابات میں ہمارے ساتھ دھاندلی کی گئی، جتنے بیلٹ پیپرز جاری ہوئے تو ووٹ اس سے زیادہ نکلے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ دھاندلی کے ٹھوس ثبوت ہیں اور نتیجے کے خلاف عدالت جائیں گے، ریٹرنگ افسران نے دھاندلی کروائی۔رکن اسمبلی شوکت علی کا کہنا تھاکہ سینیٹ انتخابات کے لیے مؤثر حکمت عملی بنائی جائے، ایسا نہ ہو کہ کوئی ووٹ نہ بیچے اور اس پر غلط الزام عائد کردیا جائے، ارکان پیسے بھی لے لیتے ہیں اور پھر جھوٹی قسمیں کھاتے ہیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھاکہ سینیٹ الیکشن میں پارٹی امیدواروں کو ووٹ دیں جو رکن ووٹ بیچنا چاہتا ہے تو پارٹی سے نکل جائے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے ملاقات میں 14 ارکان قومی اسمبلی اور 6 ارکان صوبائی اسمبلی غیرحاضر رہے۔ذرائع نے بتایا کہ غیرحاضرارکان مختلف وجوہات اورمصروفیات کے باعث شریک نہ ہوسکے۔