سینیٹ انتخابات ہائی جیک کرنیوالے جمہوریت پر دھبہ ہیں، وزیراعظم

310
پشاور: وزیرعظم پی ٹی آئی کے پارلیمانی رہنمائوں سے ملاقات کے دوران خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد‘پشاور( آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات ہائی جیک کرنے والے جمہوریت پردھبہ ہیں۔وزیراعظم عمران خان سے مشیرپارلیمانی امورڈاکٹربابراعوان کا رابطہ ہوا جس میں اسمبلی کے جاری اجلاس، آئینی اور قانونی امورسمیت سینیٹ انتخابات پرمشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اوپن ووٹنگ سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کا واحد راستہ ہے، سینیٹ انتخابات ہائی جیک کرنے والے جمہوریت پردھبہ ہیں ۔ وزیر اعظم نے ٹیلیفونک گفتگومیں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر بھی بات چیت کی ،جس پر بابر اعوان نے وزیراعظم کو حلیم عادل کی گرفتاری پر تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حلیم عادل شیخ پر کسٹوڈیل ٹارچر اور ان سے غیر انسانی و وحشیانہ سلوک کیا گیا۔علاوہ ازیںوزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو ٹیلی فون کیا اور سند ھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی گرفتاری اور خراب صحت کے حوالے سے اظہار تشویش کیا۔وزیر اعظم نے حلیم عادل کے ساتھ سندھ حکومت کے ناروا سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور گورنر سندھ کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر تمام معاملے کو دیکھیں ۔ گورنر سندھ نے وزیر اعظم کو موجودہ تمام صورتحال سے آگاہ کیا ۔ گورنر سندھ نے وزیر اعظم کو بتایا کہ سندھ پولیس آئی جی سندھ کی سربراہی میں جانبداری کا مظاہرہ کر رہی ہے اور آئی جی سندھ سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہیں، جس پر وزیر اعظم نے گورنر سندھ کو یقین دہانی کرائی کہ اگر کوئی سرکاری افسر سیاسی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو ان کے خلا ف سخت قانونی کارروائی کی جا ئے گی ۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نامزد امیدواروں کو ہرصورت کامیاب کرائیں گے، خواہش ہے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے ہوں، عدالت عظمیٰ جو بھی فیصلہ کرے گی قبول کریں گے،سیاست میں پیسا استعمال کرنے والے نشان عبرت بن گئے ، پی ٹی آئی اپنی آئندہ نسلوں کی بہتری کا سوچتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے پیر کو ان کے دورہ پشاور میں گورنرخیبرپختونخوا اور وزیر اعلیٰ کے پی کے نے ملاقات کی، جس میں سیاسی، معاشی اور انتظامی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت سینیٹ الیکشن سے متعلق اجلاس بھی ہوا۔اجلاس میں نوشہرہ ضمنی الیکشن کا تذکرہ بھی ہوا۔پرویز خٹک نے الیکشن ہارنے کی وجوہات بتائیں۔الیکشن کو عدالت میں چیلنج کریں گے ۔اجلاس میں وزیراعظم نے ارکان کابینہ اور پی ٹی آئی ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کا اصل محور عوام ہیں،بدقسمتی سے یہاں لوگوں نے سیاست کو صرف پیسا بنانے کے لیے استعمال کیا، ان لوگوں نے ہرجگہ پیسا استعمال کیا، اب ان کی حالت نشان عبرت ہے،ہم اس لیے پیچھے رہ گئے کیونکہ یہاں پیسا عوام کی خدمت کے بجائے پیسا چوری کیا گیا، جس معاشرے میں اخلاقیات ختم ہوجائیں وہ معاشرہ تباہ ہوجاتا ہے، ہم مستقبل اور اپنی نسلوں کی بہتری کا سوچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی جس امیدوارکو نامزد کرے گی اس امیدوار کو کامیاب کرائیں گے،تحریک انصاف اور(ق)لیگ نے سینیٹ انتخابات جیتنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کرلی ہے، (ق) لیگ اور پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت ارکان اسمبلی سے رابطے کریں گے، پنجاب میں مشترکہ حکمت عملی کے تحت انتخابات میں اپوزیشن کو شکست دیں گے۔