سینیٹ الیکشن: سیف ابڑو ، رؤف صدیقی اور خضر زیدی نااہل، فیصل واوڈا طلب

312

کراچی /کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت) الیکشن ٹریبونل میں سینیٹ الیکشن کے کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلوں کی سماعت، پی ٹی آئی کے سیف اللہ ابڑو سینیٹ کے لیے نااہل فیصل واوڈا کو بھی نوٹس جاری کردیے گئے ،رؤف صدیقی کی نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ الیکشن ٹریبونل میں سینیٹ الیکشن میں ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی جہاں الیکشن ٹریبونل نے الیکشن کمیشن اور فیصل واوڈا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے منگل کو طلب کرلیا، قادر خان مندوخیل نے فیصل واوڈا کو دوہری شہریت پر نااہل قرار دینے کی درخواست دائر کی تھی، ان کا مؤقف ہے کہ فیصل واوڈا نے امریکی شہریت سے متعلق حقائق چھپائے۔الیکشن ٹریبونل نے پی ٹی آئی کے سیف اللہ ابڑو کے خلاف دائر کی گئی اپیل منظور کرتے ہوئے کہا کہ سیف اللہ ابڑو سینیٹ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے، الیکشن ٹریبونل نے ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سیف اللہ ابڑو کے خلاف اپیل میں لگائے گئے اعتراضات ثابت ہوئے ہیں سیف اللہ ابڑو ٹیکنوکریٹ کے معیار پر پورا نہیں اترتے ہیں۔ ایم کیوایم کے ٹیکنوکریٹ امیدوار ڈاکٹر شہاب امام کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے،انہیں سینیٹ انتخابات کے لیے اہل قرار دیا،الیکشن ٹریبونل نے ڈاکٹر شہاب امام کے خلاف اعتراضات مسترد کردیے، الیکشن ٹربیونل نے پیپلز پارٹی کی امیدوار پلوشہ خان کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے انہیں سندھ سے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اہل قرار دیا۔ الیکشن ٹریبونل نے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے خلاف ایم کیوایم رہنما رؤف صدیقی کی اپیل مسترد کرتے ہوئے سینیٹ انتخابات کے لیے نااہل قرار دیا، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر خضر عسکر زیدی کی اپیل بھی مستردکرتے ہوئے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھا۔علاوہ ازیں الیکشن ٹربیونل بلوچستان میں سینیٹ الیکشن میں کاغذات نامزدگی مستردکیے جانے کیخلاف دائر اپیلوں کی سماعت جسٹس ہاشم خان کاکڑ نے کی، ٹربیونل نے نوید جان کلمتی کی اپیل منظورکرتے ہوئے کاغذات نامزدگی درست قرار دیدیے جبکہ ڈاکٹر نواز ناصر، آصف بلوچ اور ابراہیم لہڑی کی اپیل مسترد کردی۔