پشاور‘ پی ٹی آئی نے اپنے اراکین اسمبلی کی نگرانی شروع کردی

321

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخوا حکومت نے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کی حفاظت اور نگرانی کے لیے خصوصی انتظام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا مقصد نوشہرہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی امیدوارکی شکست اور صوبائی وزیرآبپاشی لیاقت خٹک کو صوبائی کابینہ سے فارغ کیے جانے سے تحریک انصاف میں پیدا ہونے والی صورت حال کوکنٹرول کرنا ہے‘ جس کے لیے صوبائی وزرا کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی جو ایم پی ایز کے گروپوں کی نگرانی کا فریضہ انجام دیں گے۔ حکمران جماعت کی صفوں میں نوشہرہ ضمنی الیکشن اورصوبائی وزیرآبپاشی لیاقت خٹک کو کابینہ سے فارغ کیے جانے کے بعد انتشار پایا جاتا ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے ایم پی ایز کی نگرانی صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر بلاول آفریدی خود کریں گے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ لیاقت خٹک کو کابینہ سے فارغ کرنے سے مسائل تو ضرور پیدا ہوئے ہیں اور کسی بھی قسم کے مسئلے سے بچنے کے لیے ہی ارکان پرنظررکھی جا رہی ہے‘ وزیراعلیٰ محمود خان خود تمام تر صورت حال کی نگرانی کر رہے ہیں جب کہ پارٹی قائدین بھی اس سلسلے میں معاونت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ جلد ہی پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلانے کے علاوہ اراکین اسمبلی سے ڈویژن وائزاورانفرادی ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ گلے شکوے دورکیے جاسکیں۔ ذرائع نے بتایا کہ حکمران جماعت کا مقصد سینیٹ الیکشن میں 10 نشستوں پرکامیابی کو یقینی بنانا ہے جس کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔