حریت قیادت کا مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر پر یوم سیاہ کا اعلان

537

سری نگر(آن لائن )کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے مقبوضہ کشمیر کے دورے کی مخالفت میں مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کردی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ کشمیری اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں، سری نگر سمیت کئی علاقوں میں مودی کے دورے کی مخالفت والے پوسٹرز لگ گئے، مودی کا دورہ 25 فروری کے بعد متوقع ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے بیان جاری کیا ہے جس میں کشمیریوں سے مودی کے مقبوضہ کشمیرکے طے شدہ دورے کے موقع پر مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ دوسری جانب قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں چھاپوں اور محاصروں میں اضافہ کردیا ہے۔علاوہ ازیں غیر ملکی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ نے کہا کہ جس طرح لداخ سے فوج کو ہٹایا گیا مقبوضہ کشمیر سے بھی فوج ہٹانے کی ضرورت ہے۔ لداخ میں چین سے بات چیت ہوسکتی ہے تو پاکستان سے کیوں نہیں۔ فاروق عبد اللہ کا کہنا تھا کہ نہ ہم نے 5 اگست 2019ء والا فیصلہ قبول کیاہے نہ حد بندی کمیشن قبول کریں گے۔