بلدیہ عظمٰی اسپورٹس کمپلیکس میں جوئے کے اڈے کی موجودگی کا انکشاف

276

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) کشمیر روڈ پر واقع بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپورٹس کمپلیکس میں جوئے کے منظم اڈے کے قیام کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ گزشتہ 3 سال سے قائم تھا جہاں روزانہ کروڑوں روپے کا جوا کھیلا جاتا تھا۔ تاہم گزشتہ جمعہ کی رات ضلع شرقی پولیس کے ایس ایس پی نے اپنی نگرانی میں چھاپا مار کر 3 درجن افراد کو حراست میں لے کر ان سے 17 لاکھ روپے برآمد کرلیے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کراچی کے ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد نے اسپورٹس کمپلیکس کے اندر جوئے خانہ چلانے کے حوالے سے ڈائریکٹر اسپورٹس کمپلیکس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ تاہم اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلدیہ کراچی کے کسی بھی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ ایس ایس پی ضلع شرقی اسپورٹس کمپلیکس احاطے میں موجود سوئمنگ پول کے قریب بنے ہوئے لوئر اسٹاف کے کوارٹرز میں منظم انداز میں جوائے کا اڈہ چلائے جانے کی اطلاع پر چھاپا مار کارروائی کی اور موقع سے 38 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ان سے جوئے پر لگائی جانے والی رقم برآمد کرلی۔ ذرائع کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس جوئے کے اڈے چلائے جانے کا سختی سے نوٹس لیا اور ڈائریکٹر اسپورٹس کمپلیکس سے رپورٹ طلب کرلی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کے عملے کی پشت پناہی کے بغیر یہ ممکن ہی نہیں ہے کہ یہاں جوئے کا اڈاچلایا جا سکے۔ خیال رہے کہ بلدیہ عظمی کی تاریخ میں پہلی بار بلدیہ کی کسی عمارت کے احاطے سے جوا خانہ پکڑا گیا ہے۔