حلیم عادل نامزد ملزم، پولیس قانونی کارروائی کررہی ہے، مرتضیٰ وہاب

182

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے دو نہیں ایک پاکستان کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ایسا پاکستان جہاں سب برابر ہوں گے۔ کیا ریاست کو ایسے شخص کے سامنے خاموش ہوجانا چاہیے جو قانون ہاتھ میں لے ،کیا اسلحہ برادر لوگوں اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف پولیس کو خاموش ہوجانا چاہیے تھا؟۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے عمل میں دخل اندازی عام آدمی کے لیے جرم ہے تو کیا پی ٹی آئی والوں کے لیے یہ قانون نہیں ہے۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ سرکاری افسران کے خلاف تحریک انصاف کا رویہ دھمکی آمیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلیم عادل شیخ ایک ایف آئی آر میں نامزد ملزم ہے اور پولیس کا رویہ ان کے ساتھ انتہائی مہذب اور شائستہ ہے، جیل میں ان پر کوئی تشدد نہیں ہوا، ترجمان سندھ حکومت نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گورنر کے منصب پر فائز شخص کو پولیس کو دھمکی دینا زیب نہیں دیتا۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حکومتی نمائندے ڈراما کرنا چھوڑیں اور پولیس کو اپنا کام کرنے دیں جب چالان جمع ہوگا اس کا فیصلہ عدالت کرے گی، عدالتی معاملات میں دخل اندازی نہ کریں ۔ علاوہ ازیںسینیٹر شبلی فراز کی پریس کانفرنس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ حلیم عادل شیخ کے جرائم پر شبلی فراز کیوں پردہ پوشی کررہے ہیں،ان کی باتوں سے لگتا ہے کہ حلیم عادل شیخ دنیا کے معصوم انسان ہیں۔ حلیم عادل شیخ کے کرتوت شاید شبلی فراز کے علم میں نہیں ہیں، حلیم عادل شیخ تحریک انصاف کے ٹائیگر کے روپ میں لینڈ گریبر ہیں۔پولنگ اسٹیشن پر مسلح افراد کے ساتھ دھاوا بولنے پر موصوف کی گرفتاری ہوئی۔