سینیٹ انتخابات ہائی جیک کرنے والے جمہوریت پر دھبہ ہیں، وزیراعظم

275

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات ہائی جیک کرنے والے جمہوریت پردھبہ ہیں، سیاست کو پیسہ بنانے کیلئے استعمال کرنے والے آج نشان عبرت ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سے مشیرپارلیمانی امورڈاکٹربابراعوان کا رابطہ ہوا۔ ٹیلیفونک گفتگومیں اسمبلی کے جاری اجلاس، آئینی اور قانونی امورسمیت سینیٹ انتخابات پرمشاورت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اوپن ووٹنگ سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کا واحد راستہ ہے، سینیٹ انتخابات ہائی جیک کرنے والے جمہوریت پردھبہ ہیں۔

وزیراعظم نے ٹیلیفونک گفتگومیں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر بھی بات چیت کی،بابر اعوان نے پی ٹی آئی ورکرز کی جانب سے حلیم عادل کی گرفتاری پر تشویش سے آگاہ کیا۔

ڈاکٹر بابراعوان نے کہا کہ حلیم عادل شیخ پر کسٹوڈیل ٹارچر کیا گیا، ان سے سے غیر انسانی اور وحشیانہ سلوک کیا گیا۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان سےپشاور میں صوبائی کابینہ اور تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی ،اراکین سے گفتگو میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاست کو صرف پیسہ بنانے کیلئے استعمال کرنے والے آج نشان عبرت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پیچھے رہ گئے کیونکہ یہاں اقتدار عوامی خدمت کی بجائے پیسہ چوری کرنے کے لیے سنبھالا گیا،  سیاست کا اصل مقصد عوام کی خدمت ہے۔