شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے 4 خواتین جاں بحق

798

وزیرستان: شمال مغربی قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 خواتین ہلاک ہوگئی۔

شمالی وزیرستان کی ضلعی پولیس کی جانب سے پیر کے روز جاری ہونیوالے بیان میں بتایا گیا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے افغان سرحد سے متصل شمالی وزیرستان کے ایک اہم قصبے میرعلی کے قریب خواتین کو لے کر جانیوالی گاڑی پر فائرنگ کی۔

ضلعی پولیس کے مطابق واقعہ تحصیل شیواہ کے علاقے ٹنڈی میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 خواتین جاں بحق جبکہ ڈرائیور زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے حملے میں جاں بحق خواتین این جی او  کیلئے کام کرتی تھیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ میرعلی کے علاقے میں دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لئے سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن جاری ہے، اب تک کسی گروہ یا فرد نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔