پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات بھائی چارے اور پائیدار شراکت داری پر مبنی ہیں، آرمی چیف

104

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے قطری وزارت خارجہ کے نمائندہ خصوصی نے ملاقات کی جس میں سیکیورٹی صورتحال، افغان مفاہمتی عمل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے قطری وزارت خارجہ کے نمائندہ خصوصی نے ملاقات کی جس  میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی شریک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال، افغان مفاہمتی عمل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس دوران گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں جو بھائی چارے اور پائیدار شراکت داری پر مبنی ہیں،آئی ایس پی آر کے مطابق قطری وزارت خارجہ کے نمائندہ خصوصی نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔