پی ایس ایل 6: لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

559

کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے 179 رنز کا ہدف باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر 19 ویں اوور میں پورا کرلیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور کی جانب سے اننگز کا آغاز فخرزمان اور سہیل اختر نے کیا اور 64 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی جس کے بعد سہیل اختر 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد محمد حفیط نے اوپنر فخرزمان کے ساتھ مل کر جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 115 رنز کی شراکت قائم کی، محمد حفیظ نے 33 بالز پر 73 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ فخر زمان نے 52 گیندوں پر 82 رنز بنائے جس کی بدولت لاہور قلندرز نے ہدف با آسانی حاصل کرلیا۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تو کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور دونوں اوپنرز ٹام بنٹن اور صائم ایوب خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور صرف 12 کے مجموعی اسکور پر دونوں پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے کرس گیل اور سرفراز احمد نے ٹیم کو سنبھالا۔

دونوں کے درمیان 101 رنز کی شراکت بنی، اس موقع پر سرفراز 40 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جب کہ اگلے ہی اوور میں راشد خان نے کرس گیل کو 68 کے اسکور پر بولڈ کردیا جس کے بعد اعظم خان آئے جنہوں نے صرف 19 رنز بنائے، چھٹے نمبر پر آنے والے محمد نواز نے جارحانہ اننگز کا مظاہرہ کیا اور صرف 20 گیندوں پر 33 رنز بنائے جس کی بدولت کوئٹہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 178 رنز بناسکی۔

لاہور کی جانب سے حارث روؤف نے تین، شاہین آفریدی، احمد دانیال اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔