اسلام آباد: سیاحتی سفاری ٹرین کا افتتاح کر دیا گیا

262

اسلام آباد (صباح نیوز)سیاحتی سفاری ٹرین کا افتتاح کر دیا گیا، ٹورسٹ ٹرین ہر جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے روز سیاحوں کو گولڑہ اسٹیشن سے حسن ابدال، اٹک خورد اور اٹک سٹی و گردو نواح کے مقامات کی سیر کرائے گی۔ افتتاحی تقریب گولڑہ شریف کے تاریخی ریلوے اسٹیشن پر منعقد ہوئی۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ٹرین کا افتتا ح ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سفاری ٹرین کا تصور اچھا ہے، تفریح اور سیاحت کا ذریعہ بن سکتا ہے اور پاکستان ریلوے ایک قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی اس ٹرین کو لے جایا جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سفاری ٹرین کی بدولت تاریخی و ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی اور سیاحت کے فروغ میں پاکستان ریلوے کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس موقع پر وزیرریلویز اعظم سواتی نے بتایا کہ فریٹ ٹرین بھی شروع کر رہے ہیں۔ اس سے کم خرچ آمدورفت کی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ میرا ترجیحی ایجنڈا ہے کہ ریلویز سے بدعنوانی اورچن چن کر کالی بھیڑوں کا خاتمہ کروں گا۔ ریلوے جلد سیاحت میں بہت بڑا کردار ادا کرے گا۔آیندہ ہفتے عمران خان اور سفارت کار بھی یہاں آئیں گے۔