حیدرآباد ،سندھ پروگریسو کمیٹی کا مقامی آبادی کو نظر انداز کرنے کیخلاف احتجاج

213

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ پروگریسو کمیٹی کی جانب سے کراچی میں مردم شماری میں غیر مقامی افراد کی آبادی بڑھا کر مقامی افراد کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیخلاف اولڈ کیمپس سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی پریس کلب پہنچی جہاں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر کامریڈ بخشل تھلو، کامریڈ اقبال خان، ڈاکٹر اسلم پروویز، فیروز لاشاری ودیگر نے کہاکہ انسانی آباد ی کی منتقلی تاریخی اور فطری طور پر ہوتی ہے، انگریز سامراج کے بعد ہجرت کے بعد ملک اور صوبے کو موقع پرست حکمرانوںنے اپنے گروہی مفاد کے لیے منظم طریقے سے غیر مقامی افراد کو آباد کراکر یہاں کے مقامی افراد کو اقلیت میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنایا، جعلی شناختی اور ڈومیسائل کا معاملہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری پر عوام، سیاسی، سماجی تنظیموں اور قوم پرستوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خدشات کا اظہار کیا تھا کہ حکمران کراچی کی آبادی تین کروڑ سے زائدکرکے سندھ کے قدیم باشندوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ یہ عمل نفرت بڑھانے کا سبب بنے گا، سندھ میں شہری اور دیہی عوام کے درمیان نفرتیں پیدا ہوں گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیر مقامی افراد کو جلد نکال کر سندھ کے مقامی باشندوں کو تعلیم، روزگار کے مواقع دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکیت اور ووٹ کا حق غیر مقامی افراد کی رہائش مقامی افراد کی منشا سے مشروط کیا جائے۔