کڈھن شہر کے تعلیمی اداروں کی عمارتیں خستہ حالی کا شکار

172

بدین (نمائندہ جسارت) کڈھن شہر کے تعلیمی اداروں کی خستہ حال عمارات کی تعمیر نو کے لیے اسکول جدوجہد کمیٹی کی جانب سے بیڈمی چوک سے بدین اسٹاپ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں جدوجہد کمیٹی کے رہنمائوں، شہریوں، سیاسی سماجی و ادبی حلقوں سمیت والدین، اساتذہ، طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کڈھن شہر کے تعلیمی اداروں کی عمارتیں خستہ حالی کا شکار ہیں۔ جس کے باعث دو سال قبل دو اہم پرائمری اسکول مین پرائمری اسکول ون کھٹی محلہ اور پرائمری اسکول ٹو میگھواڑ محلہ کو تالے لگا کر تدریسی عمل بند کرکے طلبہ کو ہائی اسکول کیمپس منتقل کردیا گیا جبکہ باقی اسکول کے بچے خوف میں مبتلا ہیں جس کے باعث بچوں کی تعلیم شدید متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر کڈھن شہر کے تعلیمی اداروں کی خستہ حال عمارات کی تعمیر نو کروا کر متاثر تعلیم کو بچایا جائے۔