ٹنڈومحمدخان، خالی اسامیوں پر بھرتی نہ کرنے کیخلاف احتجاج

175

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) محکمہ لائیو اسٹاک میں اسٹاک اسسٹنٹ کی خالی اسامیوں پر بھرتیاں نہ کیے جانے کیخلاف بے روزگار نوجوانوں کا پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، سخت نعرے بازی، گزشتہ 10 سال سے اسٹاک اسسٹنٹ کی خالی اسامیوں پر بھرتیاں نہیں کی جارہیں جوکہ سراسر ناانصافی ہے، جلد از جلد بے روزگار نوجوانوں کو بھرتی کیا جائے، مظاہرین کا مطالبہ۔ محکمہ لائیو اسٹاک کی خالی اسامیوں پر گزشتہ 10 سال سے بھرتیاں نہ کیے جانے کیخلاف سندھ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے بے روزگار نوجوانوں میں مرکزی رہنماء عبدالمجید نوہانی، ساگرکھتری، اورنگزیب لغاری، مظہر علی کھتری، غلام مرتضیٰ ودیگر کی قیادت میں پریس کلب ٹنڈو محمد خان کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ محکمہ لائیو اسٹاک میں گزشتہ 10 سال سے اسٹاک اسسٹنٹ کی سیٹ پر بھرتیاں نہیں کی جارہیں، 2012ء سے محکمے میں 222 سیٹیں بجٹ بک میں موجود ہیں، لیکن ڈپلوما ہولڈر نوجوانوں کو نوکریاں نہیں دی جارہیں، جس کے باعث نوجوانوں میں مایوسی پھیل رہی ہے، بے روزگار نوجوانوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر محکمہ لائیو اسٹاک سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ لائیو اسٹاک میں موجود اسٹاک اسسٹنٹ کی سیٹوں پر جلد از جلد بھرتیاں کی جائیں۔