پر امن پی ایس ایل 6کا آغاز 22کروڑ عوام کی قربانیوں کا نتیجہ ہے

184

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک میں پر امن پی ایس ایل 6کا آغاز سیکورٹی فورسز اور 22کروڑ عوام کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد پر خیر مقدم کرتے ہیں۔ پاکستان پر مسلط دہشت گردی کے بادل چھٹ گئے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری پاکستانیوں کی قربانیوں کا اعتراف کرے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کزشتہ دو دہائیوں سے نام نہاد امریکی جنگ میں 80ہزار سے زائد پاکستانی شہید ہوئے اور ملکی معیشت کو ڈیڑہ سو ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ دوستوں اور دشمنوں میں تمیز کرتے ہوئے خارجہ پالیسی کو از سر نو تشکیل دیا جائے۔ پاکستان کے عوام مزید کسی قسم کی جارحیت کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کے لیے سب کو مل کر اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفادات کو ملحوظ خاطر رکھنا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔ ملک میں سیاسی استحکام قائم کیا جائے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ تمام ادارے اپنا آئینی کردار اور قانونی حدود میں رہتے ہوئے کام کریں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا ملک و قوم نازک دور سے گزر رہے ہیں۔ حکمرانوں کی عاقبت نا اندیش پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان مسائلستان بن چکا ہے۔ ہر روز ایک نیا بحران جنم لیتا ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے حکمرانوں کے پاس وڑن ہے اور نہ ہی کوئی صلاحیت ہے۔