انڈر 16قومی ون ڈے، سینٹرل پنجاب اور ناردرن فائنل میں

306

راولپنڈی(جسارت نیوز)پی سی بی انڈر 16 قومی ون ڈے ٹورنامنٹ کا فائنل کل سینٹرل پنجاب اور ناردرن کی ٹیموں کے درمیان پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں 5راؤنڈز پر مشتمل ایونٹ میں 4,4 میچز جیت کر فائنل میں پہنچیں۔ خیبرپختونخوا کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر رہی۔ ادہر گزشتہ روز کھیلے گئے ایونٹ کے 5ویں راؤنڈ میں سینٹرل پنجاب، ناردرن اور خیبرپختونخوا نے اپنے ،اپنے میچز جیت لیے۔ ایوب پارک گراؤنڈ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب نے سندھ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 172 رنز کا مطلوبہ ہدف 39.5 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ آذان اویس نے 13 چوکوں کی مدد سے 89 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سندھ کی جانب سے واحد وکٹ رومیل احمد نے حاصل کی۔ اس سے قبل سندھ کی پوری ٹیم 43.5 اوورز میں 171 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔آلراؤنڈر حسن اقبال 48 اور اوپنر سعد بیگ 39 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے تھے۔راول کرکٹ گراؤنڈ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے سدرن پنجاب کو 2 وکٹوں سے ہرادیا۔ ناردرن نے 153 رنز کا مطلوبہ ہدف 37.4 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر شمائل حسین 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ان کی اننگز میں9 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔حماد رفیق نے 29 رنز بنائے۔ مہیر سعید نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 152 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔محمد دانش نے 39رنز بنائے ۔افتخار احمد نے 3 جبکہ ابراہیم سلطان، عامر حسن اور احسان اللہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو 64 رنز سے ہرا دیا ۔242 رنز کے تعاقب میں بلوچستان کی ٹیم مقررہ 45 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز ہی بناسکی۔ اس سے قبل کے پی کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے تھے۔