کراؤن بریڈ کیسے بنائی جائے؟۔

301

کراؤن بریڈ عام طور ایک یا دو چوٹیوں پر مشتمل ہوتی ہے،یہ عام سی چوٹیاں سر پر فریم کی مانند تاج کی صورت لپیٹی جاتی ہیں۔سب سے پہلے بالوں کو اچھی طرح سے کنگھا کر لیں۔سیدھی یا آڑی،جیسی بھی مانگ آپ کے چہرے پر جچے بالوں کو اسی سمت برابر حصوں میں تقسیم کر لیں۔ کراؤن بریڈ بنانے کے لئے آپ کو دونوں طرف الگ الگ چوٹی بنانا ہوگی۔اگر آپ دو چوٹیاں پسند نہیں کرتیں تو ایک چوٹی کے ساتھ بھی کراؤن بریڈ بنائی جا سکتی ہے۔عام طور پر کراؤن بریڈ سر پر سامنے کی طرف سے بنانا شروع کی جاتی ہے،لیکن اگر آپ پچھلے رُخ سے کراؤن بریڈ بنانا چاہتی ہیں تو بالوں کو دو حصوں میں علیحدہ علیحدہ کر لیں۔پھر علیحدہ کیے گئے بالوں میں پیچھے کی جانب سے بل ڈال کر چوٹی باندھنا شروع کریں۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ چوٹی نہ بہت ڈھیلی ہو اور نہ بہت ٹائٹ۔اگر آپ چاہیں تو ہیئر اسٹائل کو خوبصورت بنانے کے لئے آگے سے کچھ بال کھلے چھوڑ سکتی ہیں ۔ایک ایک سائیڈ لیتے ہوئے بالوں کی چوٹی آخری سرے تک بنائیں اور سرے پر بالوں کے رنگ کا ربڑ بینڈ باندھ دیں۔اگر آپ بالوں کو علیحدہ کیے بغیر چوٹی بنا رہی ہیں تو اسے بالوں کے آخری حصے تک بنائیں۔ چوٹی بنانے کے بعد باری آتی ہے ان چوٹیوں کو سر پر تاج کی صورت لپیٹنے کی۔چوٹی کے بل انگلیوں کی مدد سے کچھ ڈھیلے کریں اور اسے سر پر تاج کی طرح رکھ کر بابی پن(کلر وہ لیں جو آپ کے بالوں سے ہم رنگ ہو)کی مدد سے سیٹ کر لیں۔کراؤن کی پوزیشن آپ پر منحصر ہے،لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ یہ بالوں میں نہ بہت پیچھے ہو ۔