حفیظ اور شاہین آفریدی کی شاندار کارکردگی، لاہور قلندرز کامیاب

301
کراچی : پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں لاہورقلندرز کے بولر شاہین شاہ آفریدی تیسری وکٹ لینے کے بعد اپنے مخصوص انداز میں ،شعیب ملک شاٹ کھیلتے ہوئے (فوٹو: ناصرعبداللہ کشمیری)

کراچی(سید وزیرعلی قادری)مین آف دی میچ شاہین شاہ آفریدی کی 14 رنز کے عوض 3 وکٹ اور محمدحفیظ کے ناقابل شکست 33 رنز نے لاہورقلندرز کو پشاورزلمی کے خلاف 4 وکٹوں سے کامیابی دلوادی، قلندرز نے 18.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر143 رنز بنائے،قلندرز نے 9 گیندوں قبل حدف حاصل کرلیا، پشاورزلمی نے قلندرز کو میچ جیتنے کے لیے 141رنز کا حدف دیا تھا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اتوار کو کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔محمد حفیظ 33 اور راشدخان27پر بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ لاہور قلندر کے اوپنرز فخرزمان اور سہیل اختر نے اننگز کا پراعتماد انداز میں کیااور دونوں مل کر 4.2 اوورز میں 29 رنز تک پہنچایا۔اس موقع پر سہیل اختر 14 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 14 بناکر مجیب الرحمن کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ ہوگئے اور جب اسکور 38 رنز پر پہنچا تو فخرزمان بھی 15 گیندوں پر ایک چھکا اور ایک چوکے کی مدد سے 15 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ آغاسلمان نے 21، بین ڈنک نے 22، سمٹ پٹیل نے 8رنز اور ڈیوڈ ویزے کوئی رن بنائے بغیر آئوٹ ہوئے۔زلمی کے وباب ریاض اور ثاقب محمود نے 2، 2جبکہ مجیب الرحمن اور عماد بٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ قبل ازیں لاہورقلندرز نے ٹاس جیت کر پشاورزلمی کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ پشاور زلمی کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔ روی بوپارہ نے 50، شعیب ملک اور رتھر فورڈ نے 26، 26 رنزاور عماد بٹ نے 23 رنزبنائے۔پشاورزلمی کی تین وکٹیں ابتدائی3.5اوورز میں صرف 19 رنز گریں۔امام الحق میچ کی پہلی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپربین ڈنک کے ہاتھوں رن بنائے بغیر کیچ آئوٹ ہوئے، مجموعی اسکور18رنز پردوسرے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین کامران اکمل تھے جنہوں نے10 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چوکے کی مدد سے 5 رنز بنائے وہ سلمان مرزا کی گیند پر آغاسلمان کے ہاتھوں کیچ ہوئے جس کے فوری بعد 19 رنز کے مجموعی اسکور پر حیدر علی رن بنائے بغیر سلمان مرزا کی گیند پر وکٹ کیپربین ڈنک کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔زلمی نے بیٹنگ پاورپلے کے دوران3وکٹوں کے نقصان پر 36 رنز بنائے۔اس موقع پر شعیب ملک اور روی بوپارہ کے درمیان 27 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی لیکن جب مجموعی اسکور 46 رنز پر پہنچا تو شعیب ملک 24 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکوں کی مدد سے 26 رنز بناکرڈیوڈ ویزے کی گیند پر وکٹوں کی پیچھے بین ڈنک کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔اس موقع پر روی بوپارہ اوررتھر فورڈ کے مابین پانچویں وکٹ کی شراکت میں56گیندوں پر64 رنز بنے۔ مجموعی اسکور110 رنز پررتھر فورڈ27 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 26 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیندآغا سلمان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔124 کے مجموعی اسکور پر روی بوپارہ44 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر لانگ آن پر موجود فیلڈر راشدخان کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔عماد بٹ 23 اور کپتان وہاب ریاض ایک رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔قلندرز کے بولر شاہین شاہ آفریدی نے 14 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ سلمان مرزا نے 2 اور ڈیوڈ ویزے نے ایک وکٹ حاصل کی۔یاد رہے کہ لاہورقلندر اور پشاورزلمی کے درمیان کھیلے گئے آخری پانچ میچوں میں سے قلندر نے دو مرتبہ اور زلمی نے تین مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے۔ قلندر نے مارچ 2020 میں پانچ وکٹوں اور نومبر 2020میں بھی پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ زلمی نے فروری 2019 میں سات وکٹوں، مارچ 2019 میں چار وکٹوں اور فروری 2020 میں 16 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔