ریاض اختر اعوان کا مطالبہ

124

یونائٹیڈ لیبر فرنٹ کے چیئرمین و سابق چیئرمین CBA ریاض اختر اعوان نے کہا ہے کہ آج پاکستانی عوام کی حالت زار کو دیکھتے ہوئے یہ لگتا ہے کہ یہ ملک صرف فوجی حضرات، جھوٹے سیاست دان اور عیش و آرام میں مگن مولوی حضرات کے لیے بنایا گیا ہے۔ یہ تینوں طبقات آج پاکستان کے ہر شعبہ زندگی پر قابض ہوچکے ہیں۔ آج ملک کا سفید پوش طبقہ انتہائی بدحالی کا شکار ہے جبکہ سفید پوش کے علاوہ غربت کی لکیر سے نیچے رہنے والے عوام بھوک، غربت، جہالت اور پسماندگی سے ایڑیاں رگڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاش ہم امریکی غلام کے بجائے چین، روس اور دیگر ترقی پسند حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرتے تو آج پاکستان کے عوام بھی دنیا کی عظیم اقوام میں شامل ہوچکے ہوتے۔ امریکی سامراجی قوتوں نے پاکستان کے بھولے بھالے اور پسماندہ عوام کو اپنے مفاد کے لیے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ مفاد پرست سیاست دان اور فوجی جنریلوں نے عوام کو انقلاب سے ڈرایا ہوا ہے کیونکہ اگر انقلاب آیا تو سب سے پہلے یہی طبقات شدید ترین متاثر ہوں گے۔ جب ملک میں انقلاب آتا ہے تو جاگیرداروں، صنعت کاروں و لوٹ مار میں ملوث عوام دشمن دیگر مافیاز ملیا میٹ ہوجاتے ہیں۔ اسی وجہ سے یہ تینوں طبقے اپنے مفاد کے لیے لوگوں کو انقلاب سے ڈراتے رہتے ہیں، اگر ملک میں حقیقی انقلاب آگیا اور ملک کی باگ دوڑ محب وطن اور قوم سوچ رکھنے والوں کے ہاتھ میں آگئی تو پاکستان جو کہ معدنیات کے وسائل سے مالا مال ہے سالوں میں نہیں بلکہ دنوں میں ترقی کرجائے گا۔