فائرنگ وحادثات میں 2بچوں سمیت11افراد ہلاک

126

سیالکوٹ /قلات /دکی /سوات /ماناوالہ (خبر ایجنسیاں) ملک کے مختلف شہروں میں فائرنگ، حادثات و واقعات میں خاتون اور 2 بچوں سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق پسرور کے علاقے کلاسوالہ میں زمین کے تنازع پر پرانی دشمنی کے نتیجے میں بھتیجے نے فائرنگ کر کے چچا50 سالہ ذوالفقار ولد اس کے30 سالہ بیٹے حسن اور 20 سالہ کزن ماجد کو گولیاں مار کر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ادھر بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقہ چھپر میں مسلح افراد کی فائرنگ سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے مقتولین میں محمد اسماعیل اور ایک خاتون شامل ہیں۔ جبکہ دکی میں مقامی کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک کانکن جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت نقیب اللہ ولد نواب خان قوم شملزئی سکنہ افغانستان کے نام سے ہوگئی۔ علاوہ ازیں سوات کی تحصیل کبل میں 11 سالہ ادریس ولد شیرافضل دیوار گرنے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا، دوسرے واقعہ میں حسن علی ولد خورشید علی عمر7سال کنویں کا ڈھکن ٹوٹنے سے کنویں میں جاگراجس کے نتیجے میں وہ بھی موقع پر جاں بحق ہوگیا۔مزید برآں خانقاہ ڈوگراں میں تیز رفتار کار ٹائر پھٹنے سے بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ایک شدید زخمی ہوگیا ،جاں بحق ہونے والوں میں محمد اقبال ولد جعفر۔ عبدالرحمن ولد بشیر حسین اور تنویر ڈوگر ولد بشیر شامل ہیں۔ بدقسمت افراد کے گھر موت کی خبر پہنچی تو کہرام مچ گیا،اہلخانہ صدمے سے نڈھال ہوگئے۔