مودی جموں وکشمیر کی ہیئت تبدیل کرکے 24کے انتخابات جیتنا چاہتا ہے‘سردار مسعود

71

اسلام آباد (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی مقبوضہ جموں و کشمیر کی ہیت کو مکمل طور پر بدل کر 2024ء کے انتخابات پھر جیتنا چاہتا ہے اور اگر وہ اپنے منصوبے میں کامیاب ہو گیا تو کشمیر ہمارے لیے خواب و خیال بن کر رہ جائے گا‘ اس تنازع کو حل کرنے کے لیے ہمیں گلی کوچوں، چوراہوں اور چوکوں میں نکل کر سری نگر، بارہمولہ، راجوری اور پونچھ سے اٹھنے والی آہ بکاہ پر کان دھرنے ہوں گے‘ مقبوضہ کشمیر کے عوام ایک کربلا اور قیامت سے گزر رہے ہیں اور اس ماحول میں جو لوگ ان کی مدد کر رہے ہیں یا ان کی آواز دنیا تک پہنچا رہے ہیں انہیں وہ کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی ٹیلی ویژن اور سی این آئی نیوز کے زیر اہتمام ایک ویب سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے ان کی زمین، کاروبار اور روزی روٹی چھین کر کے انہیں بھوک سے مرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ نریندر مودی جو کچھ کر رہا ہے اس سے پورا بھارت کشمیر بنتا جا رہا ہے‘ جہاں مسلمان، دلت، سکھ اور عیسائی سب غیر محفوظ ہو گئے ہیں‘ مودی کی شکست کے بعد بھارت کا شیرازہ بکھر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم اور محصور عوام کو نجات دلانے کا ایک ہی راستہ کہ ہم جہاں کشمیریوں کی تحریک آزادی کو انسانی حقوق اور شہری آزادی کی عالمی تحریک میں بدل دیں‘ وہاں سیاست، سفارتکاری اور ذرائع ابلاغ کو استعمال میں لا کر کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ہر کونے میں پہنچائیں‘ بھارت کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اگست2019ء کے بعد سے مقبوضہ کشمیر پر فوجی یلغار کر کے عوام کا قتل عام کر رہا ہے‘ وہاں ایک منصوبے کے تحت لاکھوں ہندوئوں کو بھارت کے مختلف علاقوں سے لا کر آباد کر رہا ہے تاکہ کشمیریوں کی اکثریت کو ختم کر کے کشمیر کو ہندو اکثریتی ریاست بنا دیا جائے۔