پنجاب کے ہر شہر کی ترقی میرا مقصد اور عزم ہے، عثمان بزدار

29

لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر شہر کی ترقی میرا مشن اور عزم ہے، شہروں کے مسائل حل کرنے کے لیے خود دورے کررہا ہوں، پنجاب کے ہر ضلع کا دورہ کیا ہے اور عوامی مسائل کے حل کیلیے فوری ایکشن لیا ہے، سابق دور کی طرح ون مین شو پر یقین نہیں رکھتا، سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں اور مشاورت کے ساتھ فیصلے کیے جاتے ہیں، شہری مسائل اور عوامی ضروریات پر گہری نظر ہے، پنجاب کے تمام تر اضلاع کیلیے ترقیاتی پیکج تشکیل دیے جارہے ہیں، اضلاع کی ترقی کے عزم پر کاربند ہیں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت نے 2 برس کے دوران لاہو رمیں 10 لاکھ سے زائد درخت لگائے ہیں جبکہ سابق دور میں درختوں کو بے دریغ کاٹا گیا اور سابق حکمرانوں کی غلط ترجیحات کے باعث لاہور سمیت پنجاب میں آلودگی میں بے پناہ اضافہ ہوا اور ان حکمرانوں نے آلودگی کے خاتمے کیلیے بروقت اقدامات نہیں کیے۔ ہمارے لگائے پودے چند برس میں قدآور درخت بن جائیںگے جس سے شہر میں اسموگ کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور آلودگی میں کمی آئے گی۔ لاہور میں 51 مقامات پر میاواکی کی ٹیکنیک کے ساتھ مصنوعی جنگلات بنانے کے پروگرام کاآغازکر دیاگیا ہے، اس طریقہ کار سے کم لاگت میں درختوں کی نشوونما بہت تیزی سے ہوتی ہے، بہت جلد لاہور دوبارہ باغوں اور پھولوں کاشہر بنے گا۔