وزارت خزانہ کو اب بھی آئی ایم ایف چلا رہی ہے، راشد نسیم

100

لاہور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ جس طرح مشرف دور اور پیپلز پارٹی کی حکومت میں وزارت خزانہ آئی ایم ایف چلا رہی تھی، اسی طرح موجودہ حکومت میں بھی وزارت خزانہ آئی ایم ایف کے پاس ہے، ملک کو استعماری قوتوں کے ایجنٹوں کے حوالے کردیا گیا ہے، جب تک معیشت کو سود سے پاک نہیں کیا جاتا ملک سے مہنگائی و بے روزگاری کا خاتمہ نہیں ہوسکتا، جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ اقتدار ایسے لوگوں کے پاس ہو جو خوف خدا رکھتے ہوں اور انہیں عوام کی پریشانیوں کاادراک ہو۔ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو مدینہ کی ریاست صرف جماعت اسلامی بنا سکتی ہے جس کے پاس دیانتدار اور باصلاحیت ٹیم ہے، پی ٹی آئی حکومت نے مدینہ کی ریاست کا نعرہ لگا یا تھا، خزانہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے حوالے کرکے وہ کونسی اسلامی ریاست بنا رہے ہیں؟ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے ڈیرے ہیں جبکہ حکمران آئے روز معیشت کی بہتری کے دعوے کرتے ہیں۔